ماسکو (پاک ترک نیوز) روس کے وزیر دفاع سرگی شوئیگو نے دعویٰ کیا ہے کہ رواں ماہ کے دوران جوہری اسلحہ سے لیس امریکی طیاروں نے روسی سرحد کے قریب پر ایٹمی حملے کی مشقیں کی ہیں ۔ اور یہ پہلا موقع ہے جب یہ طیارے روسی سرحد کے اتنا قریب پہنچے تھے۔
روسی نیوز ایجنسی تاس کے مطابق روسی وزیر دفاع نے یہ انکشاف گذشتہ روز اپنے چینی ہم منصب ووئی فنگ ہی کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی سٹریٹیجک کمانڈکی جانب سے رواں ماہ کی جانے والیـ گلوبل تھنڈرمشقوں میں دس امریکی ایٹمی اسلحہ بردار طیاروں نے روس پر مشرق اور مغرب سے ایٹمی حملے کی مشق کی۔اس دوران روسی سرحد کے ساتھ تیس سے پروازیں کی گئیں۔ جبکہ گذشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میںامریکی ایٹمی اسلحہ بردار طیاروں کی پروازوں کی یہ شرح دوگنا سے بھی زیادہ ہے۔
روسی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ روس پرایٹمی حملے کی امریکی مشقیں کوئی نئی بات نہیں ہے ۔ البتہ امریکی طیاروں کےروسی سرحد کے قریب تر ایسی مشقوں کا انعقا د یقیناً باعث تشویش امر ہے۔ اس موقع پر چینی وزیر دفاع روس۔چین باہمی تعاون اور خطے پر اسکے مثبت اثرات کا ذکر کرتے ہوئے یوکرائن کے حوالے سے امریکہ ۔روس کشیدگی میں اضافے پرتشویش کا اظہار کیاجبکہ دونوں وزرائے دفاع نے علاقائی امن و استحکام کے لئے باہمی تعاون میں مزید اضافے کو ناگزیر قرار دیا۔