استنبول (پاک ترک نیوز ) پاکستان میں یتیم بچوں کے لیے سویٹ ہوم کی بنیاد رکھنے والے سابق ایم این اے اور ایم ڈی بیت المال زمرد خان نے اوزاستنبول پاکستان کمیونٹی سنٹر کا دورہ کیا ۔
اوزاستنبول پاکستان کمیونٹی سنٹر کے سربراہ حسین ناصر نے انہیں خوش آمدید کہا اور پاکستان کمیونٹی سنٹرکی ترکی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے خدمات سے آگاہ کیا۔
حسین ناصر نے بتایا کہ کورونا وبا کے دوران قرنطینہ کی پابندیوں میں اوز استنبول پاکستان کمیونٹی سنٹر کے ذریعے گھروں میں مقیم پاکستانیوں تک خوراک کی فراہمی یقینی بنائی گئی جسے پاکستانی سفارتخانے اور قونصل خان نے بھی تعریفی سند کے ساتھ سراہا ۔
زمردخان نے اوزاستنبول پاکستان کمیونٹی سنٹر کی سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حسین ناصر ترکی میں کاروبارکے سماجی خدمات فراہم کرکے دیار غیر میں پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں ۔
پاکستان کی ایک اور کاروباری شخصیت ، موٹیویشنل سپیکر اور ایمازون پر کاروبار کی ٹریننگ کے حوالے سے مشہور ویب سائٹ ایکسٹریم کامرس کے سربراہ شیخ کاشف علی المعروف سنی علی نے بھی اوز استنبول کے دفاتر کا دورہ کیا ۔ انہیں بتایا گیا کہ اوز استنبول گروپ آف کمپنیز کے پلیٹ فارم پر سیروسیاحت سے لے کر تعلیمی داخلوں ، پراپرٹی کی خریدوفروخت اور ترک شہریت کے حصول تک ہر قسم کی خدمات فراہم کی جاتی ہیں ۔ سنی علی نے اوز استنبول گروپ آف کمپنیز اور پاکستان کمیونٹی سنٹر کی خدمات کو سراہا اور وہاں کے سٹاف کو معلوماتی سیشن بھی دیا ۔