باکو (پاک ترک نیوز)آذربائیجان ،جارجیا اور ترکی کے مابین کاروباری اور صنعتی تعلقات کو آگے بڑھانے کے لئے بنائے گئے آزربائیجان۔جارجیا۔ترکی بزنس فورم کاچھٹااجلاس آج یہاں شروع ہوگیا ہے جو پانچ دن جاری رہے گا۔
اجلاس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے آزربائیجان کے وزیر معیشت مخائل جباروف نے کہا ہے کہ اس فورم کی اب تک کی کارکردگی انتہائی حوصلہ افزاء رہی ہے اور اس سے تینوں ملکوں کے صنعت وپیداوار اور کاروبار سے وابستہ اداروں کو اپنے کام کو دوسرے ملکوں تک پھیلانے میں مدد ملی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ آزربائیجان اور ترکی کے درمیان تو پہلے سے ہی ہر سطح پر انتہائی مضبوط رشتہ استوار ہے جس میں صنعت و کاروبار میں تعاون ہر آنے والے دن کے ساتھ فروغ پا رہا ہے۔ جبکہ جارجیا کے ساتھ بھی اب اس فورم کی بدولت آزربائیجان اور ترکی کے تعلقات کو تیزی سے فروغ مل رہا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ فورم کے گذشتہ اجلاسوں کی طرح اس بار بھی تینوں ملکوں کے صنعتی و کاروباری ادارے زیادہ سے زیادہ باہمی معاہدے کریں گے۔
آزربائیجان۔جارجیا۔ترکی بزنس فورم کے منتظمین کے مطابق اسکے چھٹے اجلاس کے شرکاء کو آلت کے فری اکنامک زون اورسمگیت کے کیمیکل انڈسٹریل پارک کا دورہ بھی کرایا جائے گا جہاں آزربائیجان کی حکومت نے سرمایہ کاروں کو جدید ترین سہولتیں فراہم کی ہیں۔