میلبورن(پاک ترک نیوز) آسٹریلیا نے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں انگلینڈ کو ایک اننگز اور 14 رنز سے شکست دے کر ایشز سیریز اپنے نام کرلی۔
تفصیلات کے مطابق تاریخی ایشز سیریز میں انگلینڈ کی ناکامیوں کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ تیسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے مہمان ٹیم کو ایک اننگز اور 14 رنز سے شکست دے دی۔ انگلینڈ پہلی اننگز میں 185 رنز ہی بنا سکی، جوئے روٹ 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
ٹیسٹ کے دوسرے روز کینگروز نے پہلی اننگز میں 267 رنز بنائے۔ اوپنر مارکس ہیرس نے 76 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو 82 رنز کی برتری دلائی۔
دوسری اننگز میں انگلینڈ کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوئی، پوری ٹیم 68 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ ڈیبیو میچ کھیلنے والے اسکاٹ بولینڈ میچ میں 7 وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ قرار پائے۔