کراچی(پاک ترک نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے سابق ٹیسٹ کرکٹر دانش کنیریا کی لیگ کرکٹ اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت سے متعلق درخواست مسترد کر دی۔چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا۔
دانش کنیریا کی سندھ ہائی کورٹ میں ڈومیسٹک اور لیگ کرکٹ کھیلنے کی اجازت سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے سابق کرکٹر دانش کنیریا کی درخواست مسترد کر دی۔
اسد افتخار ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ دانش کنیریا کی پاکستان کرکٹ بورٹ (پی سی بی) بحالی پروگرام میں شامل ہونے کی اجازت دی جائے۔
پی سی بی کے وکیل نے کہا کہ دانش کنیریا پر انگلش کاؤنٹی کلب نے عمر بھر کے لیے پابندی لگائی ہے اور دانش کنیریا کی برطانوی عدالت نے بھی اپیل مسترد کی تھی کیونکہ ان پر اسپاٹ فکسنگ کا الزام ہے۔
سابق بالر دانش کنیریا نے گزشتہ برس دسمبر میں پی سی بی کے بحالی پروگرام میں شمولیت کی اجازت دینے کی استدعا کی تھی۔
عدالت میں دائر درخواست میں دینش کنیریا نے موقف اپنایا تھا کہ کرکٹ ہی میرا سب کچھ ہے کوئی دوسرا روزگار نہیں، کرپٹ ترین دیگر کھلاڑیوں کو بحالی پروگرام کا حصہ بنایا جا رہا ہے دیگر کو دوسرا موقع جبکہ مجھے نظر انداز کیا جا رہا ہے۔