ٹیکساس (پاک ترک نیوز) امریکی ریاست ٹیکساس میں یہودی عبادت خانے میں چار افراد کو یرغمال بنائے جانے سے متعلق واقعے میں ملوث مبینہ ملزم کی شناخت ظاہر کردی گئی ۔
ایف بی آئی کے مطابق لوگوں کو یرغمال بنانے والے شخص کی شناخت 44 سالہ ملک فیصل اکرم کے نام سے ہوئی ہےجو برطانوی شہری ہے اور بلیک برن لنکا شائر سے تعلق رکھتا ہے ۔
ایف بی آئی حکام کے مطابق فیصل اکرم دو ہفتے قبل برطانیہ سے سیاحت کے ویزے پر نیویارک پہنچا تھا، حملے کے لئے فیصل اکرم نے اسلحہ نجی طور پر خریدا۔
دوسری طرف برطانوی پولیس نے مانچسٹر سے دو نوجوانوں کو حراست میں لیا ہے، دونوں نوجوانوں پر الزامات کی کوئی تفصیل نہیں بتائی گئی تاہم کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ ان سے ٹیکساس واقعے سے متعلق پوچھ گچھ کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز امریکی ریاست ٹیکساس میں یہودی عبادت گاہ میں راہب سمیت مبینہ طور پر چار افراد کو یرغمال بنانے والے شخص کو ہلاک کردیا گیا تھا۔