ریاض (پاک ترک نیوز)سعودی عرب کی وزارت صحت نے ملک بھر میں سرکاری اور نجی اداروں میں جانے کے لیے بوسٹر ڈوز ضروری قرار دے دی ہے۔
گذشتہ روز جاری ہونے والےسرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ منگل یکم فروری 2022 سے فیصلے پر عمل درآمد شروع ہوجائے گا۔ کسی بھی ایسے سعودی شہری یا مقیم غیرملکی کو جس نے بوسٹر ڈوز نہیں لگوائی ہوگی، کو سرکاری اور نجی اداروں میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔
مزید براں وزارت داخلہ کے احکامات کے مطابق یکم فروری 2022 سے سرکاری اور نجی اداروں میں داخل ہونے کی واحد شرط یہ ہے کہـ توکلنا ایپ میں صحت ریکارڈ محصن ہو۔
ایپ میں محصن صرف ان افراد کے صحت ریکارڈ کے طور پر ہوگا جو بوسٹر ڈوز لگوائے ہوں گے۔ اگر دوسری خوراک پر 8 ماہ یا اس سے زیادہ گزر چکے ہوں گے اور بوسٹر ڈوز نہیں لگوائی ہوگی تو ایسی صورت میں توکلنا ایپ میں صحت ریکارڈ محصن نہیں آئے گا۔
اقتصادی، تجارتی، ثقافتی، سیاحتی اور کھیلوں کے کسی بھی پروگرام یا مقام پر جانے کے لیے بوسٹر ڈوز ضروری ہوگی۔ سرکاری اداروں یا نجی اداروں میں کام کرانے یا ڈیوٹی دینے کے لیے بھی وہی افراد جا سکیں گے جو بوسٹر ڈوز لیے ہوئے ہوں۔ ہوائی جہاز سے سفر اور پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کے لیے بھی بوسٹر ڈوز ضروری ہو گی۔