لاہور(پاک ترک نیوز) لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں جاری پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )7میں آج دو بڑے مقابلے ہوں گے ۔پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ملتان سلطانز جبکہ میزبان لاہور قلندر کو روایتی حریف کراچی کا چیلنج درپیش ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پی ایس ایل 7کا آج پانچواں ڈبل ہیڈر کھیلا جائے گا ۔ پہلے میچ میں دوپہر ڈھائی ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مقابلہ ہو گا ۔ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر موجود ملتان سلطانز جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی جبکہ کوئٹہ پلے آف میچز میں انٹری کیلئے میدان میں اترے گی۔
دوسرے میچ میں روایتی حریفوں لاہور قلندرز اور کراچی کنگز آمنے سامنے ہوں گے ۔ شکست کے بھنور میں پھنسی کراچی کنگز کو پہلی جیت کا انتظار ہے تو قلندرز بھی پلے آف میں اپنی انٹری کو فائنل کرنے کیلئے میدان میں آئیں گے ۔ شائقین اس تگڑے مقابلے کے شدت سے منتظر ہیں۔