واشنگٹن(پاک ترک نیوز) امریکی صدر جو بائیڈن نے روس کی طرف سے یوکرین کے علاقوں لوگنسک اور ڈونٹسک کی خودمختاری کو تسلیم کرنے پر دونوں علاقوں پر پابندیوں کے حکم نامے پر دستخط کر دئیے ہیں۔جس کے تحت امریکیوں کے لیے ڈی پی آر اور ایل پی آر میں سرمایہ کاری اور ان نوزائیدہ جمہوریاؤں کے ساتھ تجارت پر پابندی لگادی گئی ہے۔
بائیڈن کا ایگزیکٹو آرڈر "یوکرین کےعلاقوں ڈی پی آر اور ایل پی آر یا ایسے دیگر علاقوں میں نئی سرمایہ کاری پر پابندی لگاتا ہے جس کا تعین امریکہ کےسیکرٹری آف ٹریژریاورسیکرٹری آف سٹیٹ وقتاًفوقتاً کریں گے۔مزید برآں امریکی اداروں اور شہریوں پر ان علاقوں سے کسی بھی سامان، خدمات یا ٹیکنالوجی کی براہ راست یا بالواسطہ امریکہ میں درآمدوبرآمد، فروخت یا سپلائی پر پابندی لگا دی گئی۔ علاوہ ازیں ایگزیکٹو آرڈر امریکی انتظامیہ کو ڈی پی آر اور ایل پی آر میں کام کرنے والے افراد پر پابندیاں عائد کرنے کے اختیارات بھی دیتا ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز21 فروری کو روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے روسی پارلیمنٹ کی منظوری کے بعد ڈی پی آر اور ایل پی آر کی خودمختاری کو تسلیم کیا تھا۔ اور ان علاقوںکے رہنماؤں کے ساتھ دوستی، تعاون اور باہمی مدد کے معاہدوں پر دستخط ہوئے تھے ۔جس کے نتیجے میں اب روسی فوج ان علاقوں کے تحفظ کے لئے وہاں پہنچ گئی ہیں۔