پاکستانی رومانٹک کامیڈی فلم ’’لندن نہیں جاؤں گا‘‘ کی شوٹنگ استنبول میں جاری

استنبول(پاک ترک نیوز)
پاکستانی رومانٹک کامیڈی فلم ’’لندن نہیں جاؤں گا‘‘ کی شوٹنگ استنبول میں جاری ہے۔جس کے مرکزی کرداروں میں ہمایوں سعید ،مہوش حیات اور سہیل احمد شامل ہیں۔
پروڈیوسر عرفان ملک نےگذشتہ روز ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے پاک ترک نیوز کو بتایا کہ یہ انکی تیسری فلم ہے جس کی شوٹنگ وہ ترکی میں کر رہے ہیں۔حقیقت یہ ہے کہ وہ ترکی کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔اور ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ ترکی میں فلم بندی کے لیے بہترین تکنیکی سہولیات موجود ہیں اور یہاں ایک بڑی ٹی وی انڈسٹری بھی موجود ہے۔
عرفان ملک نے مزید کہا کہ یہاں 8000 فلم تھیٹر ہیں۔ میں چاہوں گا کہ میری فلمیں بھی یہاں ریلیز ہوں۔پاکستانی ٹیلی ویژن پر ترکی کی ٹی وی سیریز دکھائی جاتی ہیں، لیکن پاکستانی سینما گھروں میں ترک فلمیں نہیں دکھائی جاتیں۔ ہم دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے اور اچھے تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے اس سلسلے میں اقدامات کرنا چاہتے ہیں۔اور اسی حوالے سے وہ اپنی آنے والی فلم کی ترکی میں نمائش کے لیے تقسیم کاروں کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔ اس طرح ڈبنگ اور سب ٹائیٹلز کے ساتھ یہ ترکی کے سینما گھروں میںدکھائی جانے والی پہلی پاکستانی فلم ہوگی ۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More