لاہور(پاک ترک نیوز) پاکستان تحریک انصاف کا حقیقی آزادی مارچ کا قافلہ چل پڑا ۔ لاہور میں پولیس کی لاٹھی چارج اور شیلنگ کی گئی تاہم کارکنوں نے تمام رکاوٹیں ہٹا دیں اور پی ٹی آئی کا قافلہ راوی پل پہنچ گیا ۔
دوسری جانب رکاوٹیں ہٹانے کے بعد پی ٹی آئی رہنماحماد اظہر کا قافلہ شاہدرہ ٹول پلازہ عبور کرگیا، شاہدرہ ٹول پلازہ پر انتظامیہ کی بڑی رکاوڑٹیں لگائی تھیں، حماد اظہر نےکارکنوں کے ہمراہ راوی پل بتی چوک پر کنٹینر ہٹا دیا تھا۔
پی ٹی آئی کارکنان کی بڑی تعداد سابق صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد اور حماد اظہر کے ہمراہ بتی چوک پہنچے اور وہاں لگے کنٹینرہٹادئیے، قافلہ شاہدرہ کی جانب روانہ ہوا تو پولیس نے آزادی چوک ٹمبر مارکیٹ کے قریب ان پر شیلنگ کردی تاہم کارکنان شیلنگ کی پروا کئے بغیر آکے بڑھتے رہے۔
پولیس کی جانب سے نیازی چوک پر تحریک انصاف کے کارکنوں پر شیلنگ کی گئی، پولیس اہلکار اوور ہیڈ پل پرکھڑے ہوکر کارکنوں پرشیلنگ کرتے رہے، اسکے علاوہ مینارپاکستان کے قریب بھی پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کارکنان پر شیلنگ کی گئی۔
پولیس کے بہیمانہ شیلنگ کے باوجود پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر، علی چوہدری ،خالد گجر ،شبیر سیال نے راوی پل سےکنٹینرز ہٹا دیئے۔
سینیٹر اعجاز چوہدری کی جانب سے ٹوئٹ کیا گیا کہ راوی پل سے پی ٹی آئی کا قافلہ چل پڑا ہے۔
پی ٹی آئی کے حقیقی آزادی مارچ کو روکنے کے لیے حکومت نے پنجاب کے مختلف شہروں میں راستے بند کردیے۔ اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستے سیل کر دیے گئے۔
پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو روکنے کے لیے اسلام آباد کو کنٹینرز کے حصار میں لے لیا گیا ہے۔ اسلام آباد کے تمام داخلی اور خارجی راستے بند کر دیے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں جی 13 میں سرینگرہائی وے رکاوٹیں لگاکربندکردی گئی۔ زیروپوائنٹ پر بھی سرینگرہائی وے کو دونوں اطراف سےکنٹینرلگاکربند کردیا گیا۔فیض آباد انٹر چینج پر بھی کنٹینز کھڑے کردیئےگئے۔
اسلام آباد ہائی وے کو گلبرگ پل کے مقام پر کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔روات سے اسلام آباد آنے والی پبلک ٹرانسپورٹ مکمل بند ہے۔ٹیکسلا اور واہ کنیٹ سے راولپنڈی اسلام آباد آنے والے تمام راستے بھی بند ہیں۔
راولپنڈی اٹک، جہلم اور چکوال کا دیگر تمام اضلاع سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ۔ راولپنڈی ریجن کی اہم شاہراہوں کو تئیس سے زائد مقامات سے سیل کر دیا گیا ہے۔
موٹروے اور جی ٹی روڈ مکمل سیل ہو چکے ہیں ۔ راولپنڈی کے چاروں اضلاع سے دیگر شہروں کو جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند ہے، گڈ ٹرانسپورٹ مکمل بند ہونے سے سامان آج منڈیوں تک نہیں پہنچ سکے گا ۔ تمام رکاوٹوں کے قریب پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔
لاہور کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کوبند کر دیا گیا۔ انٹر سٹی ٹرانسپورٹ سروس بھی بند کردی گئی۔لاہور کے علاقے سگیاں پل ، بابو صابو انٹرچینج ، ٹھوکر نیاز بیگ، ایسٹرن بائی پاس سیالکوٹ موٹروے اور کاہنہ کو بند کر دیا گیا ہے۔
ترجمان موٹر وے کے مطابق موٹر وے ایم تھری کو رجانہ اور پیرمحل ٹول پلازہ کے مقام پر بند کر دیا گیا ہے جب کہ تمام انٹرچینج پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔ ٹرانسپورٹرز نے راستے بند ہونے پر گاڑیاں اڈوں پر کھڑی کر دیں ہیں۔
مختلف شہروں سےآنے والے موٹروے اور ہائی ویز کو مختلف مقامات پر بند کردیا گیا۔گجرات میں چناب پل پر کنٹینرز لگا کر جی ٹی روڈ بند کردیا گیا۔لاہور میں بابو صابو انٹر چینج اور بتی چوک بھی بند کردیئے گئے۔
#حقیقی_آزادی_مارچ@PTIofficial @ImranKhanPTI @Hammad_Azhar pic.twitter.com/cBWDDcmxoh
— Senator Ejaz Chaudhary (@EjazChaudhary) May 25, 2022
جی ٹی روڈ پر دریائے چناب اور جہلم پر کنٹینر رکھ دیئے گئے ۔سوات موٹر وے کو کرنل شیر خان انٹر چینج کے مقام پر ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ۔سندھ پنجاب کے بارڈر دیرہ موڑ کے مقام پر کنٹینر لگا دیے گئے ہیں۔
پنجاب اور خیبر پختون خوا کے سنگم اٹک پل کو بھی رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیا گیا ۔صوابی میں اسلام آباد پشاور موٹروے کو دریائے سندھ کے پل کے قریب بند کردیا گیا ۔پنجاب کو خیبر پختونخوا سے ملانے والی داجل چیک پوسٹ بھکر کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف نےآج خیبر پختون خوا سے اسلام آباد تک لانگ مارچ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ ملک کے تمام شہروں سے کارکنوں اور عوام کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وفاقی حکومت نے لانگ مارچ کو روکنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جس کے تحت ملک میں راستوں کو بند کیا جا رہاہے۔