مکہ مکرمہ (پاک ترک نیوز)
سعودی وزارت حج وعمرہ نے رواں سال اندرون مملکت سے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے لیے تین حج پیکیجز کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ جن کے اخراجات 10ہزارسے ساڑھے15ہزار ریال کے درمیان ہیں۔
وزارت کی جانب سے جمعہ کے روز جاری کی جانے والی تفصیلات کے مطابق منی ٹاورز (ابراج منی) میں رہائش کا انتخاب کرنے والوں کے لیے سب سے مہنگا ’منی پیکیج‘ رکھا گیا ہے۔جس میں فی کس 15 ہزار612 ریال لیے جائیں گے۔ اس میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس شامل نہیں ہے۔ منی پیکیج لینے والےعازمین حج کو آمد ورفت کی سہولت ہوگی جبکہ حج مقامات کا سفر مشاعر مقدسہ ٹرین یا بس کے ذریعے ہوگا۔
اس پیکیج میںعازمین کے لیے منی میں قیام کے دوران ناشتہ،دوپہر اور رات کے کھانےکا انتظام ہوگا۔ مشروبات مہیا ہوں گے۔عرفات میں مشروبات کے ساتھ لنچ بوفے کا انتظام ہوگا۔ سونے کے لیے صوفہ کم بیڈ جبکہ زمین پر بستر بھی مہیا ہوگا۔ مزدلفہ میں اسفنج میٹریس ملے گا۔اور کھانےمیں خشک خوراک فراہم کی جائے گی۔اوپن انٹرنیٹ کی سہولت، کلینک کا انتظام، مذہبی گائیڈ اور سکیورٹی گارڈز ہوں گے۔
دوسرے پیکیج ضیافہ ون میں13ہزار495ریال لئے جائیں گے۔ اس پیکیج کے تحت ایڈوانس خیموں میں رہائش کا انتظام ہوگا۔ عازمین کو آمدورفت اور عید کے دنوں میں مشاعر مقدسہ ٹرین کے ذریعے سفر کی سہولت ہوگی۔ منی میں ناشتے، دوپہر اور رات کے کھانے کا اہتمام ہوگا۔ خشک اور ہلکی خوراک کا بھی انتظام ہوگا۔ میدان عرفات میں لنچ بوفے اور مشروبات کا انتظام ہوگا، صوفہ کم بیڈ اور زمینی بستر مہیا ہوگا۔مزدلفہ میں فرشی بستر ملے گا۔ مشروبات اور خشک خوراک کا انتظام کیا جائے گا۔اوپن انٹرنیٹ، کلینک کا انتظام، مذہبی گائیڈ اور سکیورٹی گارڈ ہمراہ ہوں گے۔ مشاعر مقدسہ میں بسوں یا ٹرین کے ذریعے آمدورفت کی سہولت ہوگی۔
تیسرا پیکیج ضیافہ ٹو کے نام سے متعارف کرایا گیا ہے۔ عام خیموں کے اس پیکیج کی قیمت 10 ہزار 623 ریال ہے۔ ویلیو ایڈڈ ٹیکس الگ سےوصول کیا جائے گا۔ ضیافہ ٹو پیکیج کے تحت عام خیموں میں رہائش کا انتظام ہوگا۔ عازمین کو مشاعر مقدسہ میں ٹرین یا بس کے ذریعے سفر کی سہولت ہوگی۔منی میں خیموں میں رہائش کا انتظام ہوگا۔ ناشتے، دوپہر اور رات کے کھانے انتظام ہوگا۔ عرفات میں صوفہ کم بیڈ کے علاوہ زمینی بستر کی سہولت بھی ہوگی۔ لنچ بوفے اور مشروبات کی سہولت دی جائے گی۔ مزدلفہ میں اسفنج کا میٹریس مہیا ہوگا۔اوپن انٹرنیٹ کی سہولت، کلینک کا انتظام، مذہبی گائیڈ اور سکیورٹی گارڈ بھی ہوں گے۔
وزارت حج وعمرہ کے مطابق تینوں حج پیکیج میں حجاج سٹی سے مکہ پہنچنے کا کرایہ شامل نہیں۔ ٹرانسپورٹ کا کرایہ اور ویلیو ایڈڈ ٹیکس الگ سے لیا جائے گا۔