دبئی(پاک ترک نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کردی۔ شاہینوں نے قومی حریف بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ایک روزہ میچوں کی رینکنگ میں چوتھے نمبر پر پہنچ گئے۔درجہ بندی میں نیوزی لینڈ 125 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے اور انگلینڈ 124 پوائنٹس لیکر دوسرے جبکہ آسٹریلیا 107 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کا ویسٹ انڈیز کےخلاف کلین سوئپ نے کام کردکھایا، شاہینوں نے روایتی حریف بھارت کو پیچھے چھوڑدیا۔آئی سی سی نے ایک روزہ میچز کی نئی درجہ بندی جاری کی ہے، ویسٹ انڈیز کو حالیہ ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ کرنے والی قومی ٹیم کے لئے اچھی خبر یہ ہے کہ پاکستان آئی سی سی رینکنگ میں چوتھے نمبر آگئی ہے۔
خاص بات یہ ہے کہ پاکستان نے چوتھی پوزیشن روایتی حریف سے چھینی اور اسے پانچویں نمبر پر دھکیل دیا۔قومی ٹیم نے 19 ایک روزہ میچز کھیل کر 106 پوائنٹس حاصل کرکے چھوتے جبکہ بھارت 22 میچز کھیل کر 105 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر موجود ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 53 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-3 سے کلین سوئپ کیا تھا۔