لاہور(پاک ترک نیوز) اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قدر میں مزید 2 روپے کا اضافہ دیکھا گیا اور نئی قیمت 206 روپے 50 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
دوسری طرف سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 1 روپے 30 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا۔
انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی نئی قیمت 203 روپے 86 پیسے سے بڑھ کر 205 روپے 16 پیسے ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ اپریل میں پاکستان مسلم لیگ ن کی نئی حکومت آنے کے بعد سے منگل (14 جون) تک ڈالر کی قیمت میں 22 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا اور اگر موجودہ رجحانات جاری رہے تو ممکنہ طور پر اضافے کا سلسلہ جاری رہے گا۔