برلن (پاک ترک نیوز) جرمنی میں ایف اے ٹی ایف کا اجلاس جاری ہے ۔ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے جانے کا امکان ہے ۔اجلاس میں آج پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے طریقہ کار کی منظوری دی جا سکتی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر مملکت حنا ربانی کھر ایف اے ٹی ایف اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہی ہیں، اجلاس میں ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان کے تحت پاکستان کی پیشرفت پر گفتگو ہوگی، پلینری انٹرنیشنل کوآپریشن ریویو گروپ آئی سی آر جی کی سفارشات کا جائزہ لے گی۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کی تاریخ ساز کامیابی کا امکان ہے، ایف اے ٹی ایف برلن اجلاس پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کی مخالفت کرسکتا ہے۔
ذرائع نے کہا ہے کہ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے طریقہ کار کی منظوری دی جا سکتی ہے، آج کے اجلاس کے بعد پاکستان کو جون کے آخری ہفتے میں کارکردگی رپورٹ پیش کرنا ہوگی، ایف اے ٹی ایف کا وفد آن سائٹ جائزہ کے لیے پاکستان آئے گا۔
ایف اے ٹی ایف کی آن سائٹ ٹیم جولائی کے آخری ہفتے پاکستان آ سکتی ہے، ایف اے ٹی ایف کی ٹیم پاکستان میں تمام متعلقہ اداروں کا دورہ کرے گی، جرمنی کے شہر برلن میں ایف اے ٹی ایف اجلاس میں پاکستان کی تعریف بھی کی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق برلن اجلاس میں بات چیت ہوئی ہے کہ پاکستان نے تمام 27 اہداف پر عمل درآمد کیا ہے، پاکستان نے انسداد منی لانڈرنگ کے لیے تمام اہداف حاصل کیے۔