اسلام آباد (پاک ترک نیوز)
پاکستان اور ترکیہ کی مختلف وزارتیں اور محکمے تجارتی سامان کے معاہدے کو مکمل کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اس معاہدے کے حوالے سے دونوں ممالک کی حکومت کے دوران اتفاق رائے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے حالیہ دور ہ ترکی کےد وران سامنے آیا جب یہ اعلان کیا گیا کہ پاکستان اور برادر ملک ترکیہ کے مابین دو طرفہ تجارت کو ایک ارب ڈالر سالانہ سے بڑھا کر اگلے تین سال میں پانچ ارب ڈالر تک بڑھایا جائے گا۔
ایسے میں ترکی کی بہت سے کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارت کیلئے دلچسپی رکھتی ہیں جن میں ٹرکش ائیرلائنز بھی جو نہ صرف پاکستان اور ترکیہ کے درمیان پروازوں کی تعداد بڑھانا چاہتی ہے بلکہ لاہور کراچی اور اسلام آباد کے بعد سیالکوٹ اور فیصل آباد سے بھی پروازوں کا آغاز کرنا چاہتی ہے۔
پاکستان کے معتبر انگریزی روزنامہ ڈان کے مطابق مختلف وزارتیں اور ایجنسیاں ترک وزیر تجارت کے آئندہ ماہ دورے کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں جن کے ساتھ ایک بڑے تجارتی وفد کی آمد بھی متوقع ہے۔ اس دورے کے دوران TGAپر دستخط متوقع ہیں۔
پاکستان کے دیگر محکمے جیسا کہ پلاننگ کمیشن، بور ڈ آف انویسٹمنٹ اور سی پیک اتھارٹی اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ ترکی کس طرح سی پیک سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ سی پیک کے معاملے پر وزارت خارجہ کو ہدایت جاری کی گئی ہےکہ وہ چینی حکام سے مشاورت کرے۔