دوحہ (پاک ترک نیوز)
ایران کے نائب وزیر خارجہ اور اعلی مذاکرات کار علی باقری کنی ایران پر عائد پابندیوں کو اٹھانے کے حوالے سے یورپی یونین کے وفد سے مزاکرات کے لئے ایرانی وفد کے ہمراہ قطر پہنچ گئے ہیں۔
دوحہ میں ایران کے سفیر حامد رضا دہقانی نے منگل کے روز ایک ٹویٹر پوسٹ کے ذریعے مذاکراتی ٹیم کی آمد کا خیرمقدم کیا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔دہقانی نے امید ظاہر کی کہ ٹیم ایرانی قوم کے مفادات کے مطابق اپنے مشن کو انجام دینے میں کامیاب ہوگی۔
ایرانی وزارت خارجہ کے نئے ترجمان ناصر کنانی نے کہاہے کہ باقری کنی کا دوحہ کا دورہ پابندیوں کے خاتمے سے متعلق بات چیت کو جاری رکھنے کے معاہدے کے فریم ورک کے اندر ہورہا ہے۔جبکہ وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان کے بقول جوائنٹ کمپری ہینسو پلان آف ایکشن (JCPOA) سے اقتصادی فائدہ حاصل کرنا ایران کے لیے اہم ہے۔