استنبول(پاک ترک نیوز )
ترکی کی فلیگ کیرئیر ٹرکش ائیرلائنز نے بین الاقوامی ٹرانزٹ مسافروں کیلئے استنبول کی مفت سیر کا دوبارہ سے آغاز کردیا۔
اس سروس کا نام ہے ٹور استنبول اور اس سہولت سے وہ افراد فائدہ اٹھا سکتے ہیں جو ٹرکش ائیرلائنز کے ذریعے سفر کرتے ہوئے استنبول ائیر پورٹ پر 6سے24گھنٹے تک کیلئے رکتے ہیں۔
ٹرانزٹ مسافروں کو استنبول ہوائی اڈے سے ٹور استنبول والوں کی گاڑی میں بٹھاکر شہر کے مشہور و معروف مقامات کی مفت سیر کروائی جاتی ہے۔ ان مقامات میں سلطان احمت مسجد، آیا صوفیہ، توپ کاپی محل وغیر ہ شامل ہیں۔ مقررہ وقت میں ان مسافروں کو واپس ائیر پورٹ پہنچا دیا جاتا ہے تاکہ وہ اپنی اگلی منزل کی جانب بر وقت روانہ ہو سکیں۔یہ سروس کورونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے بند کردی گئی تھی۔
اس سروس کے پیچھے ٹرکش ائیر لائنز کی ایک خاص منصوبہ بندی ہے جس کے ذریعے ٹرانزٹ مسافروں کی تعداد کو بڑھانا اور ائیرلائنز کے مارکیٹ شئیر میں اضافہ کرنا ہے۔
1933میں پانچ طیاروں سے شروع کی گئی ٹرکش ائیرلائنز کے پاس اس وقت 380طیارےہیں۔
یہ 129ممالک کے 340ڈیسٹی نیشنز تک سفری سہولیات مہیا کرتی ہے۔
گزشتہ برس ٹرکش ائرلائنز کو 44.8ملین مسافروں نے چنا جو کہ کورونا وائرس سے قبل کی تعداد سے 40فیصد کم ہے۔