اسلام آباد(پاک ترک نیوز)
اتوار کے روز ضمنی انتخابات میں فیصلہ کن فتح کے بعد پر اعتماد عمران خان نے ایک بار پھر قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ دہرایا لیکن حکمران اتحاد اس حوالے سے کیا سوچ رہا ہے یہ جاننا بہت اہم ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ موجودہ مخلوط حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے معیشت بچانے کیلئے مشکل فیصلے کیے ہیں ۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نےکہا کہ اتحادیوں نے الیکشن میں جانے کے بجائے حکومت میں رہنے کا فیصلہ کیا جو کہ درست فیصلہ تھا۔انہوںنے یہ بھی کہا کہ صرف قومی اسمبلی کو تحلیل کرکے انتخابات کروانے کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔ساتھ وزیر داخلہ نے قبل از وقت انتخابات کو یکسر مسترد تو نہ کیا لیکن کہا کہ عمران خان کو ہمارے ساتھ بیٹھ کر بات کرنی پڑےگی۔ قبل از وقت انتخابات کا فیصلہ اتحادی جماعتوں کے سربراہان کریں گے۔
اسکے علاوہ مخلوط حکومت کی سب سے بڑی جماعت ن لیگ کے کئی دیگر رہنماوں سے منسوب بھی بیانات سامنے آئے جن میں کہا گیا ہے کہ قبل از وقت انتخابات کے عمران خان کے مطالبے کو نہیں مانا جائے گا۔