اسلام آباد(پاک ترک نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی دہشت گردی مقدمہ میں 3روز کیلئے راہداری ضمانت منظور کرلی ۔
اسلام آبا د ہائیکورٹ نے پولیس کو پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو گرفتار کرنے سے روک دیا اور جمعرات تک راہداری ضمانت منظور کرلی۔
اس سے قبل پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے دہشت گردی کے مقدمہ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی تھی۔
وکیل بابر اعوان اور فیصل چوہدری کے ذریعے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی گئی تھی۔
درخواست میں موقف دیا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف گزشتہ روز دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا لیکن درخواست گزار کا ماضی کا کوئی کرمنل ریکارڈ بھی نہیں ہے۔
استدعا کی گئی کہ عدالت ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرے، کیس میں شامل تفتیش ہونے کے لیے تیار ہوں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر رجسٹرار آفس نے تین اعتراض بھی عائد کر دیے تھے۔