دبئی (پاک ترک نیوز) ایشیا کپ میں شاہین فائنل کی ٹکٹ کیلئے آج افغانستان سے ٹکرائیں گے ۔ٹیم نے فاتحانہ چال برقرار رکھی تو فائنل کا ٹکٹ کٹوانے کا موقع ہاتھ آئے گا۔
یو اے ای میں جاری ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں آج پاکستان اور افغانستان میں جوڑ پڑے گا ۔ شاہین جیت کی صورت میں فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیں گے ۔ شاہینوں کیلئے اچھی خبر محمد رضوان میچ کیلئے دستیاب ہوں گے ۔شاہینوں اور افغانستان کے درمیان میچ شارجہ میں کھیلا جائے گا ۔ پاکستانی وقت کے مطابق میچ شام سات بجے ہو گا ۔
رضوان نے گذشتہ روز پریکٹس سیشن میں شرکت سے گریز کرتے ہوئے آرام کیا۔
دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ کا دبائو ہوتا ہے،ہم نے اس کو کم کیا ہے،پاور پلے میں زیادہ رنز بنے مگر بولنگ یونٹ نے اچھا کم بیک کیا،فخرزمان اور محمد رضوان کریز پر تھے تو حریف ٹیم کو تھوڑی پریشانی تھی،اسی لیے لیفٹ رائٹ کمبی نیشن آزمانے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف فتح سے ٹیم کا مورال بلند ہوا، ہمارا پلان ہے کہ جس مومینٹم میں چل رہے ہیں اسی کو اگلے میچز میں برقرار رکھیں، خوشی کی بات ہے کہ ایشیا کپ میں بولرز اور بیٹرز میں سے کوئی نہ کوئی ٹیم کی ضرورت کے مطابق پرفارم کررہا ہے، مختلف مین آف دی میچ سامنے آرہے ہیں۔
بابراعظم نے کہا کہ ہر کپتان چاہتا ہے کہ ٹرافی اٹھائے مگر یہ صرف کہنے سے ممکن نہیں ہوتا، کوشش اور محنت کرتے ہوئے میچز جیتنا پڑتے ہیں،کھلاڑی کارکردگی دکھارہے ہیں، ہم فتح کی پوری کوشش کریں گے، نتائج اللہ کے ہاتھ میں ہیں۔
واضح رہے کہ افغانستان ٹیم سپر فور مرحلے میں اپنا پہلا میچ سری لنکا کے خلاف ہار گئی تھی۔دوسری جانب گزشتہ سری لنکا کے ہاتھوں شکست کے بعد بھارت کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات معدوم ہو چکے ہیں ۔