جدہ (پاک ترک نیوز) سعودی عرب نے اپنے تعلیمی اداروں کے دروازے 160 ممالک کے طلبا کے لیے کھول دیے ہیں ۔ ’ادرس فی السعودیہ‘ (سعودی عرب میں تعلیم حاصل کریں) کے نام سے نیا پلیٹ فارم متعارف کرایا گیا ہے ۔ جس کے تحت مختصر اور طویل مدت کے لیے تعلیمی ویزے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مختصر ویزا ایک سال کے لیے ہوگا اور طویل مدتی ویزا مکمل تعلیمی پروگرام کے لیے ملے گا۔ یہ ویزے طلبا کے ساتھ ساتھ اساتذہ اور سکالرز کو بھی جاری کیے جائیں گے ۔
سعودی وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ 160 ممالک کے طلبہ اس سکیم سے فائدہ اٹھاسکیں گے۔ اس میں پاکستان بھی شامل ہے ۔ اس پلیٹ فارم پر 9 زبانوں میں ڈیٹا ریکارڈ کرنے کا موقع دیاجائے گا۔ ویزا درخواستیں متعلقہ اداروں کو پیش کی جائیں گی۔ غیرملکی طلبہ کے لیے سپانسر کی شرط نہیں ہوگی۔
سعودی حکام کے مطابق تعلیمی ویزے دینے کے فیصلے کا مقصد منفرد استعداد رکھنے والے طلبہ و طالبات اور سکالرز کو سعودی عرب کے تعلیمی اداروں اور ریسرچ سینٹرز اور انسٹی ٹیوٹ سے جوڑنا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ عربی زبان کی تعلیم، اعتدال پسندی اور میانہ روی جیسی اقدار کے پرچار میں سعودی عرب کی خدمات کا دائرہ وسیع کرنا ہے۔