پشاور(پاک ترک نیوز) خیبرپختونخواہ کے بالائی علاقے جھیل سیف الملوک، مالم جبہ، بابو سر ٹاپ، بٹہ کنڈی، کالام میں شدید برفباری ہوئی، جس کے بعد درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے آگیا، محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں تک وقفے وقفے سے سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔دوسری جانب میدانی علاقوں میں موسلادھار بارش کا آغاز ہوگیا جو آئندہ دو روز تک جاری رہے گا۔
برفباری کے باعث پہاڑوں اور کھلے مقامات نے سفید چادر اوڑھ لی ہے جبکہ مقامی افراد نے بھی سردی سے محفوظ رہنے کے لیے انتظامات شروع کردیے ہیں۔
بارش کے باعث ندی نالوں اور میں طغیانی ہوئی جس کے سبب تیمر گرہ میں ایک گاڑی ریلے میں بہہ گئی تاہم اس واقعے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ نیا سلسلہ جمعہ تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
علاوہ ازیں پشاور، صوابی، مٹہ، مدین، بحرین، سخرہ میں تیز بارش اور ژالہ باری ہوئی جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آئے اور کھڑی فصلوں سمیت باغات کو نقصان پہنچا ہے۔ میدانی علاقوں میں بارش کے بعد موسم سرد ہو گیا۔