عمران خان قاتلانہ حملے میں زخمی، ایک شخص جاں بحق ،متعدد زخمی

گوجرانوالہ (پاک ترک نیوز) لانگ مارچ میں عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ، ایک شخص جاں بحق، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، سابق گورنر عمران اسماعیل اور فیصل جاوید سمیت متعدد زخمی ہو گئے
عمران خان کے لانگ مارچ میں فائرنگ، ایک شخص جاں بحق، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور فیصل جاوید سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں لانگ مارچ میں عمران خان کے کنٹینر کے قریب فائرنگ ہوئی، جس سے چیئرمین پی ٹی آئی بھی زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق گوجرانوالہ میں اللہ والا چوک میں پی ٹی آئی کےاستقبالیہ کیمپ میں فائرنگ کی گئی جس سے علاقے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بھگدڑ مچ گئی جب کہ موقع پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے حملہ آور کو فوری طور پر حراست میں لے لیا۔
اللہ والا چوک پر فائرنگ کے بعد سکیورٹی اہلکار فوری طور پر عمران خان کے پاس پہنچ گئے، اور انہیں حصار میں لے کر بلٹ پروف جیکٹ ان کے سامنے کردیے تاہم چیئرمین پی ٹی آئی گولی لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی سیدھی ٹانگ میں گولی لگی ہے جب کہ سابق گورنر عمران اسماعیل اور پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید بھی زخمی ہوئے ہیں، اس کے علاوہ احمد چٹھہ اور چوہدری محمد یوسف کے بھی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کے مطابق حملہ آور نے پہلے برسٹ چلایا پھر ایک گولی چلائی،اور حملہ آور نے کالے رنگ کے کپڑے پہن رکھے تھے۔ملزم کا نام محمد نوید ولد بشیر بتایا جا رہا ہے ۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More