اسلام آباد(پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کا اجلاس طلب کر لیا۔وزیر اعظم شرکاء کو عشائیہ بھی دیں گے اور پارلیمانی رہنماوں کو اہم تقرریوں سے متعلق فیصلوں پر اعتماد میں لیں گے۔
اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کا اجلاس آج شام 6 بجے وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر مشاورت ہوگی۔
اس سے قبل سابق صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات میں ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری وزیراعظم ہاؤس پہنچے تو وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا، اس دوران سابق صدر نے وزیراعظم کی مزاج پرسی کی۔
خیال رہے کہ 29 نومبر کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف عہدے سے سبکدوش ہو رہے ہیں، ان کی تقرری موضوع بحث بن چکی ہے۔ اگر سینیارٹی کا جائزہ لیا جائے تو اس وقت پانچ لیفٹیننٹ جنرلز نئے سپہ سالار کیلئے امیدوار ہیں۔
ان امیدواروں میں لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر، لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا، لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس، لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود، لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید شامل ہیں۔
وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف متعین طریقہ کارکے مطابق تعیناتیوں کا فیصلہ کریں گے۔
مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ وزارت دفاع کی جانب سے بھجوائی گئی سمری وزیراعظم آفس کو موصول ہوگئی ہے، سمری میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی سٹاف کے عہدوں پر تقرری کے لئے ناموں کا پینل بھجوایا گیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف متعین طریقہ کار کے مطابق ان تعیناتیوں سے متعلق فیصلہ کریں گے۔