ریاض (پاک ترک نیوز)
سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے دنیا کے زیر تعمیر جدید ترین شہر نیوم میں سمندری سیاحت کے لیے جزیرہ سندالہ منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی سرکاری میڈیا کے مطابق جزیرہ سندالہ لگژری سمندری سیاحت کا نمایاں مرکز ہوگا۔انتظامیہ کے مطابق توقع کی جارہی ہے کہ سندالہ جزیرہ 2024 کے شروع میں سیاحوں کے استقبال کے لیے تیار ہوگا۔
اس موقع پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ سندالہ منصوبہ نیوم منصوبے میں تیز رفتار ترقی کا عکاس ہے جس کے ذریعہ ہماری وژن 2030 کے مطابق سیاحتی امنگیں پوری ہوں گی۔انہوں نےمزید کہا ہے کہ جزیرہ سندالہ نیوم میں بحیرہ احمر کا سیاحتی مرکز اور لگژری یاٹ کلب کی موجودگی میں دنیا بھر میں سمندری سیاحت کا منفرد مقام ہوگا۔
واضح رہے کہ سندالہ بحیرہ احمر میں واقع 840 ہزار مربع میٹر کے رقبے کا جزیرہ ہے جو علاقے میں موجود متعدد جزیروں میں سے ایک ہے جنہیں سیاحتی مرکز بنانے کا منصوبہ ہے۔ان میں سے ہر جزیرہ منفرد حیثیت رکھتا ہے جو مجموعی طور پر سمندری سیاحت کے لیے دنیا بھر میں منفرد حیثیت رکھتے ہیں اور جن کی مدد سے سعودی عرب کو سمندری سیاحت کا اہم مرکز بنایا جاسکتا ہے۔
توقع کی جارہی ہے کہ جزیرہ سندالہ منصوبے سے 3500 اسامیاں پیدا ہوں گی۔جزیرہ سندالہ میں لگژری یاٹ کلب کے علاوہ 413 کمرے اور 333 فرنشڈ اپارٹمنٹ ہوں گے۔جزیرہ میں عالمی شہرت یافتہ ریستوران اور کافی شاپس کا افتتاح کیا جائے گا۔جبکہ جزیرہ میں متعدد شاپنگ مالز کے علاوہ 6474 گزپر مشتمل بین الاقوامی معیار کا گالف کورس بھی ہوگا ۔