ریاض (پاک ترک نیوز)
سعودی عرب کے بڑے اقتصادی ادارے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو اسلامی دنیا کے مالیاتی اور کاروباری مراکز میں تبدیل کرنے کے لیے شراکت کر رہے ہیں۔
سعودی سرکاری میڈیاکے مطابق مکہ چیمبر آف کامرس، مدینہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، اسلامک چیمبر آف کامرس انڈسٹری اینڈ ایگریکلچرل بدھ کو اسلامی تعاون تنظیم ( اوآئی سی) کے57 رکن ملکوں کے نمائندوں کی موجودگی میں شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کریں گے۔
بدھ کو سعودی وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد القصبی کی سرپرستی میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے نمائندے اور سفارتکار مکہ ایوان تجارت کے ماتحت تقریبات میں موجود ہوں گے۔ دونوں مقدس شہروں کو اسلامی دنیا کا پرکشش مرکز بنانے کے لیے شراکت کے معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔اس معاہدے کا مقصد مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی مقدس حیثیت کو عالمی سطح پر موثر شکل میں استعمال کرنا اور ان دونوں شہروں کو کاروباری سرگرمیوں کے مرکز میں تبدیل کرنا ہے۔
مکہ چیمبرز آف کامرس اور مدینہ چیمبر آف کامرس کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق ہے جس میں سماجی اور اقتصادی ترقی کے ساتھ اسلامی اقدار کے فروغ میں دونوں مقدس شہروں کے کردار کو اجاگر کرنا ہے۔