قوم تیاری کر لے مزید مہنگائی آنے والی ہے ، عمران خان

لاہور(پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے پاس جانے کے علاوہ دوسرا کوئی راستہ نہیں ہے، نہ گئے تو ملک ڈیفالٹ کر جائے گا اور آئی ایم ایف کے پاس دوبارہ جائیں گے تو مزید مہنگائی بڑھے گی۔
انہوں ںے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلیوں میں جانے کا فائدہ نہیں، ہمارے 3 اراکین اسمبلی کو اسٹیبلشمنٹ نے نیوٹرل رہنے کا کہا۔قوم تیاری کر لے، مزید مہنگائی آنے والی ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جب مشکل وقت آتا ہے تو ان کا مقابلہ کیا جاتا ہے، جرمنی اور جاپان نے ہم سے مشکل وقت دیکھا ہے، ہم سب نے مل کر مشکل وقت کا مقابلہ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے باوجود ہماری حکومت میں ملک ترقی کررہا تھا، ہماری حکومت کو ختم کر کے چوروں کو ملک پر مسلط کیا گیا، 95 فیصد کیسز ہمارے آنے سے پہلے ان کے خلاف بنے ہوئے تھے۔سازش کے ذریعے ہماری حکومت کو گرایا گیا، اپریل میں بد نیتی پر مبنی ایک غلط فیصلہ کیا گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہر دوسرے دن میرے خلاف نیا مقدمہ بنا دیا جاتا ہے، میں ملک سے نہیں بھاگا، یہیں رہ کر مقدموں کا مقابلہ کروں گا، تیار ہو جائیں ہم نے اس ملک کو بحرانوں سے نکالنا ہے، ملک میں انصاف اور قانون ہو گا تو آگے جائے گا، طاقت ور جب قانون کے نیچے آئیں گے تو معاشرہ بنے گا۔
عمران خان نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ان کے خلاف پیش ہونے والے چار گواہان ہارٹ اٹیک سے مر گئے، انہوں نے حکومت میں آکر 1100 ارب روپے کے کیسز ختم کیے، ساڑھے7 لاکھ کے قریب پاکستانی باہر چلے گئے ہیں۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسا نہیں ہوگا کہ طاقت ور چوری کر کے باہر چلا جائے اور غریب جیل جائے، ملک میں جب سیلاب آیا تو پیسہ اکٹھا کیا، پچھلے 30 سال سے ملک میں شوکت خانم کیلئے پیسے اکٹھے کر رہا ہوں، جتنی بھی ہم نے فنڈنگ حاصل کی وہ سب قانون کے مطابق ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More