آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید سے ملاقات

 

ابوظہبی (پاک ترک نیوز ) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید سے ملاقات کی ہے ۔ ملاقات میں دو طرفہ امور اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور متحدہ عرب امارت کے صدر شیخ محمد زاید کے درمیان قصر الشاطی پیلس میں ملاقات ہوئی ۔ملاقات میں شیخ محمد بن زاید النہیان نے جنرل عاصم منیر کو پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف کے طور پر تقرری پر مبارکباد دی اور پاکستان اور پاکستانی عوام کی خدمت کے لیے ان کی نئی ذمہ داریوں میں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان دفاعی اور عسکری امور میں تعاون کے تعلقات اور مشترکہ کام کے ساتھ ساتھ دونوں دوست ممالک کے مشترکہ مفادات کے لیے انہیں مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔
قبل ازیں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پیر کی صبح سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، فوجی اور دفاعی تعاون مزید مستحکم بنانے پر اتفاق بھی ہوا ہے جبکہ سعودی ولی عہد نے جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More