لاہور(پاک ترک نیوز) ترکیہ کی معروف ڈرامہ سیریز” ارطغرل غازی” میں حلیمہ سلطان کے نام سے مرکزی کردار نبھانے والی ایسرا بلگیچ پاکستانی مصنوعات کی تشہیلر کیلئے بھاری معاوضہ لینے والی ادارہ بن گئیں ۔معروف ترکیہ اداکارہ نے گزشتہ دنوں پاکستان کی ایک اور فرم کے ساتھ دو ملین ڈالر کا نیا معاہدہ کیا ہے۔
دیکھا جائے تو ایسرا بلگیچ نے ڈرامہ سیریل ” ارطغرل غازی” میں حلیمہ سلطان کے کردارمیں جان ڈال کر اور روح پھونک کر ایک زبردست ڈیبیو کیا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے وہ سب کی آنکھوں کا تارہ بن گئیں۔ وہ سوشل میڈیا پر اب تک اپنی مقبولیت برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
دیکھا جائے تو ایسرا بلگیچ کے لیے پاکستان ایک ٹکسال بن چکا ہے اور وہ جب چاہتی ہیں کسی اشتہار میں کام کرتے ہوئے اپنی آمدنی میں مسلسل اضافہ کررہی ہیں اور پاکستانی ناظرین ڈرامہ سیریز کے کئی سال قبل بنے ہوئے اس ڈرامہ سیریز کے اداکاروں کو آج بھی اپنے اشتہار میں جگہ دینے اور اس کی وجہ سے اپنی کمپنی کے راتوں رات تہلکہ مچانے پر یقین رکھتے ہیں۔
خوبصورت اور نامور اداکارہ نے 2020 سے اب تک متعدد اشتہاری معاہدے کیے ہیں لیکن مزے کی بات ہے وہ صرف پاکستانی فرموں ہی کے اشتہارات میں کام کرنے کو ترجیح دے رہی ہیں اور اس کے لیے بڑی کڑی شرائط بھی عائد بھی کرتی چلی آرہی ہیں لیکن اس کے باوجود پاکستانی کمپنیاں انہیں کیش کروانے کو اپنے لیے منافع بخش قرار دے رہی ہیں۔
ترکیہ کے تیار کردہ ڈرامہ سیریل” ارطغرل غازی ” جسے ترکیہ سے زیادہ پاکستان میں مقبولیت حاصل ہوئی اور پاکستان کی ناظرین کی بدولت اس ڈرامہ سیریل کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ڈرامہ سیریل کے طور پر جگہ دی گئی ۔ اس ڈرامہ سیریز کے کرداروں نے پاکستان میں آج بھی ہل چل پیدا کررکھی ہے ۔
ان کرداروں میں سے حلیمہ سلطان کا کردار ادا کر نے والی ایسرا بلگیچ کو پاکستان کی کئی ایک فرموں نے اپنے اشتہارات میں جگہ دی ہے ۔ ایسرا بلگیچ نے پاکستان میں مشروبات سے لے کر کاسمیٹکس تک ، جیولری سے لے کر گارمینٹس کے برانڈز کے نہ صرف اشتہارات میں حصہ لیا بلکہ پاکستان کے امراء کے ساتھ نجی پارٹیوں میں حصہ لیتے ہوئے ان کی نہ صرف قربت حاصل کی بلکہ ان امراء نے ایسرا بلگچ پر کروڑوں کی بارش بھی کردی۔ ایسرا بلگیچ نے پاکستان کی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی کے ساتھ بھی معاہدہ کر رکھا ہے۔ دراصل ایسرا بلگیچ پاکستانی کمپنیوں کے لیے ایک ناگزیر شخصیت بنی ہوئی ہیں۔ ایسرا بلگیچ نے اس وقت تک پاکستان کی مختلف کمپنیوں کے اشتہارات سے 12ملین ڈالر کی آمدنی حاصل کی ہے اورمزید کئی ایک فرموں کے ساتھ اشتہارات کے معاہدے بھی کرچکی ہیں۔
پاکستانی، ایسرا بلگیچ کی خوبصورتی اور اداکاری پر فریفتہ ہیں ۔
ایسرا بلگیچ نے اپنے پاکستانی ناظرین کے لیے انسٹراگرام پر میسیج دینے کے لیے اردو زبان بھی سیکھنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہےجس پر پاکستانیوں نے ان کی زبان سیکھنے وا لی اس مشہور اداکارہ کو پیغامات کی بارش کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
ایسرا بلگیچ 14 اکتوبر 1992 کو انقرہ میں پیدا ہوئیں ۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم مکمل کرنے کے بعد پہلے حاجت تپے یونیورسٹی میں آثار قدیمہ کی تعلیم حاصل کی، اس کے بعد انہوں نے بلکنت یونیورسٹی میں بین الاقوامی تعلقات کا شعبے میں داخلہ لیا لیکن یہاں انہوں نے اپنی تعلیم مکمل نہ کی تاہم بعد میں انہوں نے قانون کی تعلیم جاری رکھی۔
انہوں نے اپنی اداکاری کا آغاز اپنے کیرئیر کے پہلے ڈرامے ” ارطغرل غازی” میں انگین آلتان دوز یاتان کے ساتھ مین کردار ادا کرتے ہوئے کیا۔
ایسرا بلگیچ نے ترکیہ کے فٹ بال کلب بیشکتاش کے کھلاڑی گیوک حان تورے سے شادی کی لیکن 2019 میں علیحدگی اختیار کرلی۔ 28 سالہ ایسرا بلگیچ 1.77 میٹر قد کی مالک ہیں اور بڑی دبلی پتلی خاتون ہیں۔