اسلام آباد (پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہبازشریف سے سے قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن الثانی نے ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں ریاست قطر کے سفیر عزت مآب شیخ سعود بن عبدالرحمن الثانی نے آج ملاقات کی۔
قطر کے سفیر نے وزیراعظم کو امیر قطر کا نیک خواہشات کا خصوصی پیغام دیا۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے تاریخ کے کامیاب ترین فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی پر قطر کو مبارکباد دی اور ورلڈ کپ کے دوران فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے پر پاکستانی سکیورٹی فورسز کے اہم کردار کو سراہا۔
دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ان تعلقات کو ٹھوس اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے اور متنوع بنانے کے لیے کام کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے، وزیراعظم نے اس سلسلے میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی کے شعبوں اور افرادی قوت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔