کراچی (پاک ترک نیوز) پاک بحریہ کے ترجمان کا کہنا ہےکہ آٹھویں کثیرالقومی بحری مشق امن کی میڈیا بریفنگ کا کراچی میں انعقادکیا گیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کمانڈر پاکستان فلِیٹ وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے میڈیا کو بریفنگ دی۔ کثیرالقومی بحری مشق امن 10 سے 14 فروری تک کراچی میں منعقد ہوگی۔
کمانڈر پاکستان فلِیٹ وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے کہا کہ کثیرالقومی بحری مشق امن میں 50 سے زائد ممالک کی بحری افواج شرکت کر رہی ہیں۔ پاک بحریہ 2007 سے امن مشقوں کا انعقاد کر رہی ہے۔
کمانڈر پاکستان فلِیٹ کا مزید کہنا تھا کہ کثیرالجہتی بحری خطرات سے نمٹنے کیلئے مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی انتہائی اہم ہے۔کثیرالقومی بحری مشق امن میں معلومات کے تبادلے سے مشترکہ بحری مفادات کے تحفظ کو فروغ ملے گا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کمانڈر پاکستان فلِیٹ نے ترکیہ اور شام میں زلزلے سے ہونے والی تباہی اور ہلاکتوں پر تعزیت کا اظہار بھی کیا۔