صدر عارف علوی نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات 30 اپریل کو کروانے کی منظوری دے دی

 

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات 30 اپریل بروز اتوار کو کرانے کا اعلان کر دیا۔
صدر مملکت نے تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کی جانب سے تجویز کردہ تاریخوں پر غور کرنے کے بعد کیا۔
الیکشن کمیشن نے 30 اپریل سے 7 مئی کے دوران پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کرانے کیلئے تاریخ تجویز کی تھی، الیکشن کمیشن نے انتخابات ترجیحاً اتوار کے روز کرانے کی تجویز بھی دی تھی۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس سکندر سلطان راجہ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں ہوا، جس کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے صدر مملکت کو خط ارسال کیا گیا، خط میں الیکشن کمیشن نے صوبہ پنجاب کے انتخابات کے انعقاد کے لئے 30 اپریل سے 7 مئی 2023 تک کی تاریخیں تجویز کیں۔
خط میں کہا گیا کہ صدر مملکت کی طرف سے تاریخ کے انتخاب کے بعد الیکشن کمیشن اپنے آئینی اور قانونی فرائض انجام دینے کے لئے تیار ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More