لاہور(پاک ترک نیوز) گران پنجاب حکومت نے زمان پارک واقعہ کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنانے کا اعلان کر دیا۔
پنجاب حکومت نے زمان پارک واقعے کی تمام تفصیلات الیکشن کمیشن کو بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ نگراں وزیراعلیٰ نے پولیس کو فری ہینڈ دے دیا ہے۔
نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہر صورت رٹ آف دی گورنمنٹ قائم کریں گے اور میں اپنی پولیس کے ساتھ کھڑا ہوں، پولیس کو دو مرتبہ گیٹ سے واپس آنے کا کہا تھا کیونکہ میں کسی صورت خون خرابا نہیں چاہتا تھا۔ پولیس کی ایک گاڑی کو کنال میں پھینک دیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ آج پولیس کو کہہ دیا گیا کہ رٹ آف گورنمنٹ قائم کی جائے گی اور ہم پولیس کے ساتھ کھڑے ہیں، جو یہ دہشت گردی کر رہے ہیں یہ پارٹی ورکرز نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا آج نوٹی فیکیشن جاری کیا جا رہا ہے، الیکشن کمیشن کو تمام صورت حال کے حوالے سے خط لکھ رہے ہیں۔ زخمی پولیس ملازمین کو مالی مدد کر رہے ہیں، پولیس والوں کو دھمکیاں برداشت نہیں کریں گے اور اگر پولیس پر اعتماد نہیں تو پولیس کی سیکیورٹی واپس بجھوا دیں۔