کراچی ایئر پورٹ پر چہرے کی شناخت کا جدید نظام فعال

 

کراچی(پاک ترک نیوز) کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر چہرے کی شناخت کا جدید نظام فعال کردیا گیا ۔وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کو اس جدید نظام کے کنٹرول روم میں اُن کے حصے کی ذمے داری سونپ دی گئی ہے۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کاکہنا ہے کہ شہر قائد کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدید فیشل ریکوگنیشن نظام (ایف آر ایس) فعال کردیا گیا ہے ۔
ترجمان کے مطابق نگرانی کے مقاصد کے لیے (ایف آر ایس) سی سی ٹی وی روم میں ڈیوٹیاں شروع کردی گئی ہیں۔ پراجیکٹ کی نگرانی، دیکھ بھال اور انتظامی امور سول ایوی ایشن دیکھ رہا ہے۔ ایف آئی اے (ایف آر ایس) ٹیکنالوجی کو اینٹی ہیومن اسمگلنگ اور دیگر جرائم روکنے کے لیے استعمال میں لائے گا۔
سی اے اے کا کہنا ہے کہ دونوں اداروں کے باہمی اشتراک سے ایف آر ایس نظام کے لیے عملہ تعینات کرنے پر اتفاق طے پا گیا اور اس سلسلے میں ایئرپورٹ منیجر اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے اینٹی ہیومن سمگلنگ نے باہمی مفاہمت کی دستاویز پر دستخط کیے ہیں۔
سول ایوی ایشن کے ترجمان کے مطابق جدید نظام حکومتی اداروں کو جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر قانون نافذ کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ ادارے واچ لسٹ پر اندراج شدہ چہروں کے اس نظام کے ذریعے ائرپورٹ پر شناخت اور کھوج لگا سکیں گے۔ یہ جدید نظام کراچی کے علاوہ لاہور، اسلام آباد اور ملتان کے ہوائی اڈوں پر بھی نصب ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More