اسلام آباد(پاک ترک نیوز) سپریم کورٹ میں ملک بھر کے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ایک ساتھ انتخابات اور 4 اپریل کے فیصلے پر عمل درآمدکیس کی سماعت جاری ہے۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل 3 رکنی بنچ کیس کی سماعت کررہا ہے۔
بینچ نے حکومت کو 27 اپریل تک انتخابات کیلئے21ارب روپے کے فنڈز جمع کرانے کی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی طبیعت ناساز ہونے پر گزشتہ روز کیسز کی سماعت کرنے والا بینچ اچانک ڈی لسٹ کر دیا گیا تھا جس کی وجہ سے بینچ کے سامنے سماعت کے لیے مقرر تمام مقدمات کو بھی ڈی لسٹ کر دیا گیا۔
ڈی لسٹ ہونے والے بینچ نے 12 اہم مقدمات کی سماعت کرنی تھی، بینچ نمبر ون ڈی لسٹ ہونے کے بعد بینچ نمبر 2 کے مقدمات کی فہرست بھی منسوخ کر دی گئی تھی، جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس شاہد وحید پر مشتمل بینچ کی کاز لسٹ بھی منسوخ کر دی گئی تھی۔