لاہور(پاک ترک نیوز) ترکیہ کے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی زلزلہ زدہ علاقوں میں گراں قدر خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ’تمغہ حُسن کارکردگی‘ سے نوازا گیا۔
ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں صدر رجب طیب اردوان سے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے47 رُکنی ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن کے ٹیم لیڈر اکرام الحق سبحانی نے ’تمغہ حُسن کارکردگی‘ وصول کیا۔
رجب طیب اردوان نے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے ٹیم لیڈر کو تمغہ حُسن کارکردگی دیتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں خدمات پیش کرکے ترک عوام کے دل جیت لیے۔ ترکیہ حکومت اور عوام الخدمت فاؤنڈیشن اور پاکستانی بہن بھائیوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اِس مشکل وقت میں اُن کا ساتھ دیا۔
اس موقع پر اکرام الحق سبحانی نے ترک صدر رجب طیب اردوان، ترک حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان محبت کا لازوال رشتہ قائم ہے، اسی جذبے کے تحت دونوں ممالک کے عوام آفت کی کسی بھی گھڑی میں دل وجان سےایک دوسرے کی مدد کے لیے تیار رہتے ہیں۔
یاد رہے کہ ترکیہ اور شام میں 6 فروری کو زلزلے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد الخدمت فاؤنڈیشن نےامدادی سرگرمیوں کےلیے ’’قرض بھی۔۔۔ فرض بھی‘‘ مہم کا آغاز کیا تھا۔