اسلام آباد (پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کاکہنا ہے کہ آئندہ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔
تفصیلات کےمطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت مالی سال 2023-24 کے بجٹ کی تیاری کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات اسحاق ڈار, وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف, وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ , وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال , وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ , وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک, وزیراعظم کے معاونین خصوصی ڈاکٹر جہان زیب خان, ملک احمد خان , طارق پاشا, طارق باجوہ , عطا اللہ تارڑ , رکن قومی اسمبلی قیصر احمد شیخ, چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
معاشی ٹیم کی جانب سے وزیراعظم کو بجٹ کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔آمدن اور محصولات کے حوالے سے اس سال کے نظر ثانی شدہ اور اگلے سال کے ٹارگٹیڈ تخمینہ جات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئندہ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔غریب اور متوسط طبقے کی مالی مشکلات میں کمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
حکومت کی بروقت حکمت عملی سے یوریا کھاد کی قیمتیں مسلسل کم ہو رہی ہیں۔گزشتہ دو مہینوں میں کئی سال بعد کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس حاصل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پینشن ریفارمز کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔تخلیقی طریقہ کار اپناتے ہوئے پنشن فنڈ قائم کیا جائے تا کہ قومی خزانہ پر بوجھ کم کیا جا سکے اور پنشنرز کی بہترین فلاح و بہبود ممکن بنائی جا سکے ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ہدایت کی کہ محصولات بڑھانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں اور ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیا جائے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستانی معیشت مالیاتی استحکام کی جانب گامزن ہے اور مالیاتی خسارے میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔آئندہ مالی سال کا بجٹ وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد 9 جون 2023 کو پیش کیا جائے گا۔