کراچی(پاک ترک نیوز) سمندری طوفان بیپر جوئے کراچی سے سے محض230 کلو میٹر رہ گیا جبکہ کیٹی بندر اور ٹھٹہ سے بھی اس کی مسافت کم ہوئی ہے۔طوفان کا رخ کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کی طرف ہے۔
سمندری طوفان کا 6 گھنٹے کے دوران شمال/ شمال مشرق کی سمت میں سفر جاری رہا۔ کراچی کے جنوب سے 230کلو میٹر اور ٹھٹھہ کے جنوب سے 235کلومیٹر دور ہے جبکہ طوفان کا فاصلہ کیٹی بندر سے 155 کلومیٹر ہے۔
محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان کے حوالے سے 23واں الرٹ جاری کر دیا جس کے مطابق شدید نوعیت کے سمندری طوفان بیپر جوئے کی پیش قدمی کیٹی بندر (سندھ) اور بھارتی ریاست گجرات کی جانب جاری رہی۔
ہوائیں 150 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں جبکہ طوفان کے مرکز اور اطراف میں 30 فٹ بلند لہریں اٹھ رہی ہیں۔
طوفان کے پیشِ نظر جنوبی مشرقی سندھ کے اضلاع میں طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔ بدین، سجاول، ٹھٹہ، تھرپارکر، میرپورخاص اور عمرکوٹ میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔کراچی، حیدرآباد، ٹنڈوالہیار، ٹنڈو محمد خان، سانگھڑ اور شہید بینظیر آباد میں بھی گرج چمک آندھی کے ساتھ بارشیں ہونے کا امکان ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سمندری کے نتیجے میں پیش آنے والی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی کمیٹی تشکیل دیدی، جس میں وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی، وزیر توانائی اور وفاقی وزیر آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام سید امین الحق شامل ہیں۔