اسلام آباد (پاک ترک نیوز) حکومتی اتحاد پی ڈی ایم نے نگران وزیراعظم کیلئے مشاورت شروع کردی ،مختلف ناموں پر غور کیا جا رہاہے ۔
حکومتی اتحاد کے رہنماؤں کے مابین ہونے والی مشاورت میں نگراں وزیراعظم کے لئے کئی نام زیر غور ہیں ، اتفاق ہونے کی صورت میں یہ نام سامنے لائے جائیں گے۔
اس سے قبل پی ڈی ایم میں اختلافات نظر آئے تھے ۔پاکستان پیپلز پارٹی وقت پر الیکشن جبکہ مولانا فضل الرحمان موجودہ اسمبلیوں میں ایک سال کی توسیع کے خواہشمند تھے تاہم اب حکومتی اتحاد میں اس حوالے سے معاملات طے ہوگئے ہیں جس کے بعد نگران وزیراعظم کے تقرر کے لیے پی ڈی ایم قائدین نے مشاورت شروع کر دی ہے۔
موجودہ اسمبلی کی آئینی مدت پوری ہونے پر نگران وزیراعظم کو ذمے داری سونپ دی جائے گی ۔