کولمبو (پاک ترک نیوز) سری لنکن کپتان پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل ہمسٹرنگ انجری کا شکار ہوگئے جس کے باعث ان کی پہلے ٹیسٹ میں شمولیت مشکوک ہوگئی ہے۔
لنکن کپتان دیموتھ کرونارتنے کی ہیمسٹرنگ انجری کے باعث پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شرکت مشکوک ہے، وہ اگلے 48 گھنٹوں بعد کولمبو میں فٹنس ٹیسٹ کروائیں گے بعدازاں انہیں 16 جولائی سے شروع ہونے والے میچ کیلئے اسکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
لنکن کپتان اگر فٹ نہ ہوئے تو پلیئنگ الیون کی قیادت کے فرائض نائب کپتان دھننجایا ڈی سلوا کریں گے۔دوسری جانب لاہیرو کمارا کے بھی سائیڈ اسٹرین انجری کے باعث پہلے ٹیسٹ سے باہر ہونے کا امکان ہے۔
سلیکٹرز نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے اسکواڈ کو حتمی شکل دیدی ہے تاہم حتمی فیصلہ کرنے سے پہلے کرونارتنے کی فٹنس رپورٹس کا انتظار کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 16 جولائی سے شروع ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ کولمبو میں 24-28 جولائی تک کھیلا جائے گا۔