باجوڑ(پاک ترک نیوز) باجوڑ خودکش دھماکے کے مزید 3 زخمی دم توڑ گئے ،جاں بحق افراد کی تعداد 46 ہوگئی ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے دھماکے کے مزید 3 زخمیوں کے دم توڑنے کی تصدیق کردی ۔38 میتیں شناخت کے بعد ورثا اپنے ساتھ لے گئے جبکہ 8 لاشیں ناقابل شناخت ہونے کے باعث ہسپتال میں رکھی ہیں۔دھماکے میں 90 سے زائد زخمی مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔
لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں باجوڑ دھماکے کے 16 زخمی زیرعلاج ہیں ۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نذیر خان کا کہنا ہے کہ باجوڑ دھماکے کے بعد 3 مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف، صدر مملکت عارف علوی، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، وزیر خارجہ بلاول بھٹو، سابق صدر آصف زرداری اور سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے ضلع باجوڑ کے صدر مقام خار میں دھماکے کی شدید مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے شہدا کے بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔