وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا الوداعی اجلاس

اسلام آباد (پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا الوداعی اجلاس جاری ہے ۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ نے ملک کی پہلی میوزک پالیسی کی منظوری دے دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا الوداعی اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا، اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، رانا ثناء اللہ، مریم اورنگزیب، سردار ایاز صادق، میاں جاوید لطیف، اعظم نذیر تارڑ اور نوید قمر شریک ہوئے۔ اجلاس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اسمبلیوں کی تحلیل، نگران سیٹ اپ سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک کی معاشی ،سیاسی صورتحال پر غورکیا گیا ۔ وزیراعظم نے وزرا کا شکریہ ادا کیا ۔ وزیر اعظم نے اتحادی جماعتوں کے وزراء سے آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر بھی مشاورت کی۔
یاد رہے کہ وزارت پارلیمانی امور نے اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری وزیراعظم کوارسال کردی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف اسمبلی کی تحلیل سے متعلق سمری صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھیجیں گے۔
وزارت پارلیمانی امور کی جانب سے بھیجی گئی سمری میں تاریخ کا خانہ خالی چھوڑا گیا ہے۔ اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ اور وقت کا فیصلہ وزیراعظم کریں گے ۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی مدت مکمل ہونے کے بعد قومی اسمبلی کی تحلیل کے لیے صدر مملکت کو سمری آج ارسال کردوں گا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More