اسلام آباد(پاک ترک نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے رہائی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔
پی ٹی آئی کے وکلاء نے مختلف مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں مسترد ہونے کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی، درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف ملک بھر میں 180 سے زائد بے بنیاد، جھوٹے مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین کو مخالفین کی جانب سے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، پی ٹی آئی چیئرمین سابق وزیر اعظم اور ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی سپریم کورٹ سے دیگر مقدمات میں گرفتاری روکنے کی استدعا کی گئی ہے، درخواست میں وفاقی حکومت، آئی جی پنجاب، بلوچستان اور سپریٹنڈنٹ جیل اٹک کو فریق بنایا گیا۔
درخواست میں نیب، ایف آئی اے، انسداد دہشتگردی عدالت لاہور و اسلام آباد کو بھی فریق بنایا گیا، درخواست آئین کے آرٹیکل 184(3) کے تحت دائر کی گئی۔