ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدواروں کے پہلے مباحثے میں حصہ نہیں لوں گا ،لوگ مجھے جانتے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ کا اعلان

میامی (پاک ترک نیوز)
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں ہفتے ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدواروں کے پہلے مباحثے میں حصہ نہیں لیں گے کیونکہ امریکی شہری اُنہیں اچھی طرح جانتے ہیں۔
امریکی میڈیاکے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا ہے کہ عوام جانتے ہیں کہ میں کون ہوں اور میں کتنا کامیاب صدر رہا ہوں۔ اس لیے میں مباحثے نہیں کروں گا۔انہوں نے سرحدی سکیورٹی، معیشت، توانائی، مہنگائی پر قابو پانے سمیت دیگر شعبوں میں اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے حریفوں کے ساتھ مقابلے کی ضرورت نہیں۔اپنی پوسٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ نے سی بی ایس کی جانب سے جاری کی گئی رائے شماری کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ وہ ریپبلکن پارٹی کی امیدواری کےمیدان میں بہت آگے ہیں۔ سروے میں کہا گیا ہے کہ پولنگ کرنے والوں میں سے 62 فیصد اُنہیں ووٹ دیں گے حالانکہ رواں سال ان پر مختلف مقدمات میں چار مرتبہ فرد جرم عائد کی جا چکی ہے۔سی بی ایس پول میں ٹرمپ کے مدمقابل فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹیس ہیں جن کے بارے میں انہوں نے لکھا کہ ’ڈی سینٹس بیمار پرندے کی طرح ٹکرا رہے ہیں۔‘
2024 کی ریپبلکن صدارتی نامزدگی کی دوڑ میں پہلی بحث بدھ کو امریکی ریاست وسکونسن کے شہر ملواکی میں شیڈول ہے۔سات دیگر امیدواروں نے بحث کے لیے کوالیفائی کیا ہے جن میں ریاستی گورنرز ڈی سینٹیس اور ڈوگ برگم، سابق نائب صدر مائیک پینس، ٹرمپ کی اقوام متحدہ کی سفیر نکی ہیلی اور جنوبی کیرولینا کے سینیٹر ٹم سکاٹ شامل ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More