ایشیا کپ ،فائنل سمیت تمام میچز کولمبو میں کھیلے جائیں گے ،اے سی سی

کولمبو (پاک ترک نیوز) ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو آگاہ کیا ہے کہ ایشیا کپ کے فائنل سمیت سپر فور مرحلے کے میچز کولمبو میں کھیلے جائیں گے۔پی سی بی کی طرف سے اے سی سی جنرل کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کی گئی ہے۔ پی سی بی کا موقف ہے کہ کولمبو میں خراب موسم کے باعث وہاں پر میچز کرانے سے نقصان ہوگا۔
کرک انفو کے مطابق سری لنکا میں شیڈول میچز پر اے سی سی اور پی سی بی میں ڈیڈلاک برقرار ہے۔ اے سی سی نے مرضی سے وینیو کولمبو برقرار رکھنے کا یکطرفہ فیصلہ کر لیا ہے۔
پی سی بی چاہتا ہے کہ میچز ایسے مقام پر ہوں جہاں ٹورنامنٹ متاثر نہ ہو۔ بطور میزبان پی سی بی چاہتا تھا کہ ایشیا کپ کے تمام میچز پاکستان میں ہوں۔ایسا نہیں ہوسکتا کہ کسی ایک بورڈ کی مرضی سے وینیو فی الفور تبدیل کردی جائے۔ وینیو ہیمبنٹوٹا ہوگی یا کولمبو فیصلہ مشترکہ طور پر ہونا چاہیے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ذکا اشرف اور اے سی سی کے صدر جے شاہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا۔ ذکا اشرف نے جے شاہ سے سری لنکا میں بارش سے متاثر ہونے والے پاکستان اور بھارت کے میچ پر بات چیت کی تھی۔
چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی نے ایشیا کپ کے بقیہ میچز پاکستان میں کروانے کی تجویز دی تھی۔ ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ کے پاک بھارت میچز دبئی میں بھی کھیلے جاسکتے ہیں۔ ایشیا کپ ایک بڑا ٹورنامنٹ ہے، بارش کی وجہ سے اس کو متاثر نہ کیا جائے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More