چودھری پرویزالہٰی اڈیالہ جیل سے رہا ہوتے ہی ایک بار پھر گرفتار

اسلام آباد (پاک ترک نیوز) سابق وزیراعلی پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الہی کو اڈیالہ جیل سے رہا ہوتے ہی اینٹی کرپشن پنجاب نے دوبارہ گرفتار کرلیا ۔
تفصیلات کے مطابق چودھری پرویزالہٰی اڈیالہ جیل راولپنڈی سے رہا ہی ہوئے تھے کہ اینٹی کرپشن کی جانب سے انہیں گرفتار کرلیا گیا ۔
حکام اینٹی کرپشن کے مطابق چودھری پرویز الٰہی کو راہداری ریمانڈ کے لیے جوڈیشل کمپلیکس پہنچایا گیا جہاں عدالت نے ان کا ایک روز کا راہداری ریمانڈ منظور کر لیا ، عدالت نے پرویز الہیٰ کے طبی معائنے کا بھی حکم جاری کیا ۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہی کوآج شام تک اینٹی کرپشن ہیڈکوارٹرز منتقل کیا جائے گا۔ سابق وزیراعلیٰ کے خلاف اینٹی کرپشن میں چار مقدمات درج ہیں۔
پرویز الہٰی کے وکیل سردار عبدالرازق نے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرویز الہٰی کی رہائی روکنے کیلئے نئے مقدمے میں 12ویں مرتبہ گرفتار کیا جارہا ہے ، پرویز الٰہی کے ضمانتی مچلکے داخل نہیں ہوئے تھے، ابھی ایک کیس میں رہائی نہیں ملی تھی کہ دوسرے کیس میں گرفتار کر لیا گیا، پرویز الٰہی کو جیل سے ہی ایک اور مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا۔
وکیل نے کہا کہ کسی طرح کی پریس کانفرنس کرنے کے لیے تیار نہیں ، لاہور ہائی کورٹ کے واضح احکامات ہیں کہ کسی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے ۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پرویز الہیٰ کی جوڈیشل کمپلکس توڑ پھوڑ کیس میں ضمانت منظور ہوئی تھی، انسداد دہشتگردی کی عدالت نے 20 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض پرویز الٰہی کی ضمانت منظور کی تھی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More