فلسطین کے مظلوم عوام کیساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) پاکستان نے اسرائیل اور فلسطین کی صورت حال پر اپنا مؤقف واضح کیا ہے کہ ہم فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو غزہ میں جاری تشدد اور جانی نقصان پر گہری تشویش ہے۔ ہم فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں اور غزہ میں فوری جنگ بندی کرنے اور ناکا بندی ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو محصور غزہ تک فوری طور پر درکار امدادی سامان کی نقل و حمل کے لیے محفوظ اور غیر محدود انسانی راہداری کھولنے کے لیے کارروائی کرنی چاہیے۔
پاکستان غزہ کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر او آئی سی اور اس کے رکن ممالک کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ وزیر خارجہ جلیل جیلانی 18 اکتوبر کو او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کریں گے اور غزہ کے لوگوں کی تکالیف دور کرنے کے لیے فوری اقدامات پر زور دیں گے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کا غزہ میں شہریوں کو بلا جواز نشانہ بنانا تہذیب کے تمام اصولوں کے خلاف اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاَ خلاف ورزی ہے۔ تشدد کے خاتمے کو فلسطینی سرزمین پر برسوں کے غاصبانہ اور غیر قانونی قبضے اور اس کے عوام کے خلاف جابرانہ پالیسیوں کے تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More