اسلام آباد(پاک ترک نیوز) وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں عمران خان، بشریٰ بی بی ، علی امین گنڈا پور ،فرح گوگی، مراد سعید ، شیخ رشید سمیت 29 افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) پر ڈالنے کی سفارش کی گئی۔
وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے ای سی ایل کا اجلاس ہوا جس میں وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی، وزیر مواصلات و ریلویز شاہداشرف تارڑ، وزارت داخلہ اور دیگر اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ای سی ایل سے متعلق مختلف نوعیت کے کیسز کا جائزہ لیا گیا۔
ذیلی کمیٹی نے مختلف محکموں اور اداروں کی طرف سے بھیجے جانے والے 41 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی۔
نیب کی سفارش پر 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں سابق وزیراعظم عمران خان، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی ، فرح گوگی، مراد سعید ، علی امین گنڈا پور ، شیخ رشید سمیت 29 افراد کے نام ای سی ایل پر ڈالنے کی سفارش کی گئی۔
اجلاس میں عدلیہ کی ہدایات پر 13 مختلف نوعیت کے کیسز میں 7 افراد کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی سفارش کی گئی۔ کمیٹی نے نظر ثانی کےلئے پیش کی گئی اپیلوں میں سے بھی 3 افراد کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی سفارش کی۔
ذیلی کمیٹی کی سفارشات حتمی منظوری کیلئے نگران وفاقی کابینہ کو ارسال کی جائیں گی۔