برسلز (پاک ترک نیوز)
بیلجیئم نے جرمنی، فرانس اور اسپین کے بعد جون 2025 تک مستقبل کے فضائی جنگی نظام (ایف سی اے ایس )کی چھٹی نسل کے لڑاکا پروگرام میں چوتھا پارٹنر ملک بننے کے لیے آمادگی ظاہر کر دی ہے۔
یورپی میڈیا کی رپورٹ کے مطابقبیلجیئم کے وزیر دفاع لوڈیوائن ڈیڈونڈر نے پیرس ایئر شو میں اس منصوبے کے لیے ملک کی ابتدائیدلچسپی کا اظہار کیا تھا۔ تاہم اب انکی جانب سے سماجی رابطے ویب سائٹ پر اس حوالے سے متوقع ٹائم لائن کا خاکہ پیش کیا گیا ہے۔انہوں نےیہ انکشاف بھی کیا ہےکہ برسلز اگلے ماہ ایف سی اے ایس مبصر کی حیثیت کی رکنیت کے معاہدے پر دستخط کرنے کے لیے تیار ہے۔
لوڈیوائن ڈیڈونڈر نے اس اقدام کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اسے عالمی سلامتی کو بڑھانے اور دفاعی شعبے میں جدت کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیاہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اگلی نسل کی فضائی جنگی صلاحیت تیار کرنا یورپ کے لیے ایک منفرد موقع پیش کرتا ہے۔ساتھ ہی انہوں نے اپنے ملک اور اس کے شراکت داروں کے لیے باہمی تعاون کے ساتھ ایک محفوظ اور خوشحال مستقبل کی تعمیر کے لیے امن، استحکام اور دفاع میں جدت کو فروغ دینے کے لیے بیلجیئم کے عزم پر زور دیا۔